ہمارے بارے میں

سی جی ایم فاؤنڈیشن ویب سائٹ درحقیقت محب قرآن فاؤنڈیشن کا پراجیکٹ ہے۔جس کا ہدف قرآن حکیم کو سمجھ کر پڑھنے کو فروغ دیتے ہوئے تعمیر سیرت و کردار اور ایمان و اخلاق کی دعوت کو فروغ دینا ہے۔ اس کا پس منظر یہ ہے کہ سال 2022ء میں محب قرآن چودھری غلام محمد رحمت اللہ علیہ(متوفی 1927ء)کی یاد میں ان کے پوتے عارف علوی(پیدائش 1961ء) نے محب قرآن فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا۔

ایم فل اسلامک سٹڈیز جی سی یونیورسٹی لاہور کی مقالہ نگار محترمہ زینب ذوالفقار ”عارف علوی کا اسلوب ترجمہ قرآن(تجزیاتی مطالعہ) “ کے تحت مؤلف تذکیر القرآن اور ان کے دادا جان چودھری غلام محمد رحمت اللہ علیہ کا تعارف کراتے ہوئے لکھتی ہیں۔

”آپ کے دادا جان چودھری غلام محمد رحمت اللہ علیہ(متوفی 1927ء)ایک سادہ لوح کسان تھےان کی متانت اور دینداری کی وجہ سے انہیں گاؤں میں مولوی غلام محمد کے نام سے پکارا جاتا تھا۔سحر سے پہلے مسجد جا کر فجر تک قرآن مجید کی تلاوت کی کثرت ان کا مستقل وظیفہ تھا۔گاؤں کے لوگ گواہی دیتے تھے کہ کھیت میں جاتے وقت ایک ہاتھ میں قرآن پاک اور دوسرے میں کوزہ لے کر جاتے تھے کیونکہ ہل چلانے کے دوران ہل کی ہتھی پر قرآن مجید رکھ کر تلاوت قرآن ان کا معمول تھا۔آپ(یعنی عارف علوی)کے بچپن میں ان کے والد گرامی کے ہم عمر دو تین بزرگ تھے جو انہیں اپنے دادا جان کی مزاجی تصویر کہا کرتے تھے۔آپ فرماتے ہیں کہ اس وقت یہ بات سمجھ نہیں آتی تھی لیکن ان کی زندگی کا تعارف جوں جوں گہرا ہوتا گیا اور پھر جب نوے کی دہائی سے سفر و حضر میں روزانہ کی تلاوت قرآن وظیفہ حیات بن گیا تب رحمت ربانی سے اپنی زندگی پر ان کی عظیم شخصیت کے اثرات سمجھ آنا شروع ہوئے اور پھر تدریس ترجمہ کے آغاز و تسلسل اور تالیف تذکیر القرآن نے تو گویا رحمت ربانی سے ملنے والے ان کے فیض روحانی پر مہر تصدیق ثبت کر دی“(بحوالہ مقالہ ھذا صفحات 1-2 سال اشاعت 2025ء)

محب قرآن فاؤنڈیشن کے بانی کے سفر تعلیم و تعلم کا تذکرہ کرتے ہوئے جناب نسیم حسن اعوان اپنی گرانقدر تصنیف ”محفل اعوان“میں کچھ یوں رقمطراز ہیں۔

”دیندار گھرانے کے ماحول میں پرورش کے ثمرات کے طور پر عارف علوی 1985ء میں عظیم خادم و مبلغ قرآن جناب ڈاکٹر اسرار احمد رحمت اللہ علیہ(متوفی 2010ء) کے حلقہ دروس سے وابستہ ہوئے جس کے سبب رحمت ربانی سے انہیں قرآن حکیم کی تلاوت اور فہم کا جذبہ عطا ہوا، اسی دوران آپ نے مولانا عبدالرحمن طاھر سورتی رحمت اللہ علیہ(متوفی 1987ء) کی کتب پر مشتمل عربی گرائمر کورس کی تحصیل ادارہ فروغ عربی پاکستان میر پور خاص سے قاری عزیز الرحمن صاحب کے زیر نگرانی مکمل کی جو کہ آگے چل کر قرآنی درس و تدریس کا نقطۂ آغاز ثابت ہوا۔

1996ء میں قرآن حکیم کے فہم و تدبر و تذکر کی اگلی منازل کے طور پر ان کا تعارف ایک طرف صاحب تدبر قرآن مولانا امین احسن اصلاحی رحمت اللہ علیہ(متوفی 1996ء) کے تلمیذ رشید مولانا خالد مسعود رحمت اللہ علیہ (متوفی 2003ء) سے ہوا۔ جن کے ذریعہ فراہی و اصلاحی مکتب قرآنی اور نظریہ نظم کلام نے انہیں علوم قرآنی کی نئی دنیاؤں سے روشناس کرایا جبکہ دوسری طرف صاحب تذکیر القرآن مولانا وحید الدین خان رحمت اللہ علیہ(متوفی 2021ء) کے عصری اسلوب میں اسلامی لٹریچر کے مطالعہ نے ان پر علم و حکمت کے نئے ابواب وا کئے۔

آپ نے 1998ء میں ماڈل ٹاؤن ھمک اسلام آباد کی مسجد قباء میں آسان قرآنی عربی کورس پڑھایا،بعد ازاں انہوں نے ترجمہ قرآن کلاسز شروع کرنے کے لئے اس کورس کے شرکاء پر مشتمل ”بزم فہم القرآن “ کا قیام دسمبر 1999ء میں عمل میں لایا۔ جس کے پلیٹ فارم سے ترجمہ کلاسز کا آغاز 30 اپریل 2000ء مذکورہ مسجد قباء میں کیا گیا۔ بحمداللہ فہم قرآن کا یہ سلسلہ توفیق ربانی سے مذکورہ مسجد سمیت راولپنڈی اسلام آباد کے متعدد مقامات پر کامیابی سے جاری و ساری ہے۔

آپ نے اسی مسجد میں 2009ء سے رمضان المبارک کے دوران سالانہ تصحیح تلاوت کورس کا آغاز کیا جو کہ بحمداللہ ہر سال باقاعدگی سے ایک مستقل روایت کے طور پر جاری ہے، اسی کورس کے نصاب کو عامتہ الناس کے استفادہ کے لئے 2013ء میں ”تحسین القرآن“ کے نام سے کتابی شکل میں شائع کیا گیا تھا۔اپنے ایسے طلباء جو کہ کسی سبب سے بیرون ملک یا دوسرے شہر منتقل ہو چکے تھے،ان کی تدریسی ضروریات کے پیش نظر آپ نے 2015ء میں چھ ماہ کی مختصر مدت میں آڈیو ترجمہ قرآن کی ریکارڈنگ مکمل کر کے گوگل ڈرائیو پر اپلوڈ کرا دی تھی۔

آپ نے 2017ء ترجمہ قرآن کی تالیف کا آغاز کیا جس کی تکمیل پر مولانا خالد مسعود رحمت اللہ علیہ کے خلف الرشید جناب حسان عارف صاحب کی وساطت سے مجلس مرکزیہ حزب الانصار بھیرہ کے زیر اہتمام جون 2021ء میں لاہور سے ”تذکیر القرآن“ کے نام سے شائع ہو چکا ہے۔

تذکیر القرآن ذخیرہ الفاظ کی بنیاد پر ترجمہ قرآن سیکھنے کی منفرد کاوش ہے۔ عارف علوی صاحب کی تحقیق کے مطابق سورہ فاتحہ سے سورہ الناس تک 90717 الفاظ میں سے 9592 کے معنی کو عربی گرامر سیکھے بغیر مبتدی طالب علم بتدریج سبقاً سبقاً سیکھ کر پورے قرآن حکیم کا ترجمہ سمجھنے کے قابل ہو سکتا ہے۔ایک دوسرے پہلو سے علوی صاحب کے بقول “‘تذکیر القرآن“ ایک طالب علم پچیس تیس سالہ علمی جستجو کا نقیب ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تذکیر القرآن کے ترجمہ میں ذوق لطیف کے حامل قاری کو جہاں ”تدبر قرآن“ کے نظم کلام کا رنگ واضح طور پر دکھائی دیتا ہے وہیں ”تفہیم القرآن“ کی سلاست اور روانی جبکہ اعلیٰ حضرت رحمت اللہ علیہ کے ”کنز الایمان“ کی ادبیت اور حفظ مراتب اور اسی طرح مولانا وحید الدین خان رحمت اللہ علیہ کی ”تذکیر القرآن“ کی تذکیر باالقرآن اور حکیمانہ معنویت جابجا دیکھی جا سکتی ہے.آپ نے ریٹائرمنٹ کے بعد ”پیغام زندگی“یو ٹیوب چینل پر درد و تدریس کا آغاز کر دیا تھا۔بحمداللہ 249 اقساط میں ترجمہ قرآن کی تدریس کا پہلا دور مکمل ہو چکا ہے۔۔۔۔“

(بحوالہ محفل اعوان صفحات 29-30 سال اشاعت 2023ء)

محترم ڈاکٹر عبدالغفور صاحب اپنے ریسرچ پیپر میں تذکیر القرآن کا تعارف کراتے ہوئے لکھتے ہیں

”…انکا طریقہ کار یہ ہے کہ کلام الہی میں مکرر الفاظ کالے رنگ میں تحریر کئے گئے ہیں اور نیلے رنگ والے الفاظ نئے اور غیر مکرر ہیں۔وہ رکوع کے اختتام پر صفحہ کے ایک طرف اس رکوع کے کل الفاظ،نئے الفاظ اور مکرر الفاظ کا ذکر کرتے ہیں۔۔۔۔۔ترجمہ قرآن کا یہ جدید اسلوب قرآن مجید کے عام قارئین اور جدید تعلیم یافتہ طبقہ کے کے لئے مفید ہے۔۔۔۔۔۔تذکیر القرآن علوی صاحب کی بیس سال کی محنت کا نچوڑ ہے، لکھتے ہیں “تذکیر القرآن اس عاجز کا کیا ہوا ترجمہ نہیں بلکہ ذخیرہ الفاظ کی بنیاد پر بندہ عاجز کی بیس سالہ تدریس سے کشید کیا گیا خلاصہ اور نچوڑ ہے”۔اس کو مجلس مرکزیہ حزب الانصار بھیرہ نے مئی 2021ء میں شائع کیا۔“

(پاکستان جرنل آف قرآنک سٹڈیز بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی،والیم 3,اشو 2 جولائی-دسمبر 2024ء بحوالہ اوراق زندگی صفحات 463-464 سال اشاعت 2025ء)

بحمداللہ اس ویب سائٹ پر ترجمہ قرآن کے دو ویڈیو جبکہ ایک مکمل اور ایک جاری آڈیو ادوار موجود ہیں۔جاری دور تدریس میں مختصر آڈیو تشریح بھی شامل کی گئی ہے۔اسی کے ساتھ تلاوت قرآن کی تصحیح کے پہلو سے تصحیح تلفظ آڈیو کورس، منتخب مقامات کی مشقیں نیز پورتے قرآن مجید کی بلحاظ رکوع ناظرہ تلاوت بھی دستیاب ہے۔نیز مطالعہ حدیث کے منتخب مقامات کی ویڈیوز بھی دستیاب ہیں۔جبکہ پی ڈی ایف بکس میں تذکیر القرآن، تحسین القرآن، اوراق زندگی، قبیلہ بابا سلطان اعوان اور پنجاب یونیورسٹی لاہور اور جی سی یونیورسٹی لاہور کے بالترتیب ایم اے اور ایم فل کے تھیسس بھی موجود ہیں۔ جبکہ مستقبل قریب میں شائع ہونے والی کتب معجم تذکیر القرآن، یسرنا القرآن، سراغ زندگی اور پیغام زندگی بھی ساتھ ساتھ اپ لوڈ ہوتی رہیں گی۔

رب ذوالجلال خدمت کتاب و سنت کی اس حقیر سی کاوش کو دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ بنا کر صبح قیامت تک صدقہ جاریہ بنائے رکھیں آمین